امر بہائی

پاکستان کے بہائیوں کی مصدقہ ویب سائیٹ بابت امر بہائی

مذہبی بقا باہمی



اللہ واحدو لاشریک ہے اورنوع بشر اس واحد خدا کا خدمت گار ہے۔ مذہب اصل میں ایک ہی ہے اور تمام مذاہب ایک ہی ملکوتی معدن سے نمودار ہوئے ہیں۔ تمام ادیان کے اندر بنیادی تعلیمات یکساں ہیں۔ ایک مشترکہ مقصد اور بنیادی انسانی نیکیاں ایک مشترکہ بنیاد خدا کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔ مذہب کی صرف ظاہری رسوم میں اختلاف ہے یا معاشرتی تعلیمات میں جو ہر مذہب کو زمانے کے تقاضوں کے مطابق ایک الگ خصوصیت عطا کرتی ہیں۔ حضرت بہاءاللہ فرماتے ہیں


تمام مذاہب کے پیروکاروں کے ساتھ دوستی اور رفاقت کے جذبہ سے پیش آؤ۔


وحدت کا یہ جذبہ اور عقیدہ اور یہ ایمان کہ تمام نوع بشر ایک خاندان ہیں بہائیوں کے ایمان کا قلب و روح ہے۔ اس حقیقت کی قبولیت ہر طرح کے تعصبات کو ترک کرنے کا تقاضا کرتی ہے۔ مذاہب کو ایک ایسا ذریعہ سمجھنا چاہیے جس کے وسیلے اللہ نوع انسانی کو اپنی ایسی بیش قیمت ہدایات، تصورات اور اصول عطا کرتا ہے جن کے ذریعے انسان اپنی کئی طرح کی خامیوں پر قابو پاتاہے اور خدا کی قربت کی طرف جانے والے راستہ پر چل سکتا ہے۔ حضرت بہاءاللہ فرماتے ہیں


مذہب انسان کو سب سے قیمتی عطیہ عطا کرتا ہے۔


پوری تاریخ میں مذاہب کے درمیان تنازعات اور جنگ و جدل بے شمار مسائل کا سبب بنے ہیں اور ترقی کے سامنے سب سے بڑی رکاوٹ ثابت ہوئے ہیں۔ لہذا مذہبی بقا باہمی ایک ایسے معاشرے کے لئے لازمی تقاضا ہے جو روحانی اور مادّی طور پر خوشحال بننا چاہتا ہے۔ ان تمام افراد کے لئے جو تمام ادیان میں سے کسی ایک کے پیروکار ہیں آپس میں اتحاد اور یکجائی کا اظہار کرنا چاہیے۔ حضرت بہاءاللہ فرماتے ہیں



مذہب ان تمام ذرائع سے بڑا ذریعہ ہے جو دنیا میں نظام استوار کرتے اور زمین پر سب بسنے والوں کے لئے پُرسکون امن قائم کرتے ہیں۔