امر بہائی

پاکستان کے بہائیوں کی مصدقہ ویب سائیٹ بابت امر بہائی

روحانی سفر



بہآئی خدائے واحدو لا شریک پر ایمان رکھتے ہیں۔ حضرت بہاءاللہ ہمیں تعلیم دیتے ہیں کہ حقیقت الوہیت کا علم ناممکن ہے۔ وہ خالق کائنات ہے اسی نے زمین اور جو کچھ اس میں ہے پیدا کیا ہے۔ چونکہ وہ شے جسے پیدا کیا گیا ہے اپنے خالق کو نہیں سمجھ سکتی اس لئے ہم خواہ کتنے ہی تعلیم یافتہ اور صاحبِ علم کیوں نہ ہوں، اللہ کی ذات اقدس و اعلیٰ کو نہیں سمجھ سکتے۔ حضرت بہاءاللہ کےمطابق ہماری تخلیق کے پیچھے ہمارے ساتھ خدا کی محبت ہے۔


اے فرزند انسان، مجھے تیری تخلیق پسند آئی لہذا میں نے تجھے خلق کیا،پس تو مجھ سے محبت کر تاکہ میں تیرے نام کاذکرکروں اور تیرے روح کو جوہرحیات بھردوں۔


روح کے وجود کا نظریہ تمام مظاہر ظہور الہٰیہ نے ہر زمانے میں سکھایا ہے۔ حضرت بہاءاللہ نے اپنے کلام میں اسی بات کی توثیق فرمائی ہے


یقین سے جان لو کہ روح خدا کی ایک علامت ہے، ایک ملکوتی جوہر ہے جس کی حقیقت کو اعلیٰ تعلیم یافتہ آدمی بھی سمجھنے سے قاصر رہے ہیں۔۔۔ یہ تمام مخلوق اشیاءمیں سے پہلی چیز ہے جو اپنے خالق کی عظمت کا اعلان کرتی ہے، پہلی ہے جو اس کے شان و جلال کو تسلیم کرتی ہے، اس کی صداقت کو منکشف کرتی ہے اور اس کی عبودیت کے لئے سر جھکا دیتی ہے۔


ہماری زندگیوں کا اصل مقصد خدا کا عرفان حاصل کرنا اور اس کی قربت پانا ہے جسے صرف اس کی خدمت اور عبودیت کی راہ پر چل کر ہی پایا جا سکتا ہے۔ یہ راہ ہمیں اس قابل بناتی ہے کہ ہم روح میں مضمر خوبیوں کو پروان چڑھا سکیں۔

عبادت کرنا، روزے رکھنا اور معاشرے کی خدمت کرنا روحانی زندگی کے ستون ہیں۔ خدا اور نوع انسانی کے درمیان بندھنوں کو تقویت دینے کی خاطر بہائی اپنے دوستوں، خانوادوں اور شریک کار لوگوں کے ساتھ مل کر عبادت کرتے ہیں، اجتماعی دُعا و مناجات کرتے ہیں اور مل کر معاشرے کی بہبود اور ترقی کے لئے دُعا کرتے ہیں۔